آئندہ چند یوم میں انتخابات کے پیش نظر فوری نام شامل کروانے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : فہرست رائے دہندگان میں جن شہریوں کے ناموں کا اندراج نہیں ہوا ہے وہ اب بھی اپنے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کرواسکتے ہیں ۔ اطلاعات کے بموجب انتخابی عہدیدار نے آئندہ چند یوم میں فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور یہ جائزہ لیا جارہا ہے ایک قطعی تاریخ کے تعین کے بعد فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی آخری تاریخ کا اعلان کردیا جائے ۔ اطلاعات کے بموجب ضلع انتخابی عہدیدار کی جانب سے امیدواروں کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ تک بھی فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر غور کیا جارہا ہے لیکن ایسا کرنا انتخابی عمل میں دشواری کے مترادف ہونے کا خدشہ ہے اسی لیے عوام سے خواہش کی جارہی ہیکہ وہ فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کے متعلق تفصیلات حاصل کرلیں اور درج نہ ہونے کی صورت میں اندراج کروالیں تاکہ عام انتخابات میں حصہ لینے اور رائے دہی کا حصہ بننے میں مدد ملے ۔ ابتدا میں الیکشن کمیشن کی جانب سے مخصوص تاریخ پر فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراج کا موقعہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا
لیکن بعد ازاں انتخابی عہدیداروں کو اس بات کا اختیار دیا گیا کہ وہ اس جمہوری عمل کو وسیع کرنے کے علاوہ رائے دہندوں میں شعور کی بیداری کیلئے اپنے طور پر فہرست میں ناموں کی شمولیت اور فوٹو شناختی کارڈ کی اجرائی کا عمل جاری رکھیں ۔ بلدیہ حیدرآباد کے حدود میں آنے والے حلقہ جات اسمبلی و پارلیمان میں فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کا عمل آئندہ چند یوم تک جاری رہیگا لیکن رائے دہندوں سے جن کے نام فہرست میں شامل نہیں ہیں خواہش کی جارہی ہے کہ وہ اولین وقت میں ناموں کے اندراج کو یقینی بنائیں تاکہ حق رائے دہی سے استفادہ کرکے اپنا نمائندہ منتخب کرنے کے اہل رہیں ۔ علاوہ ازیں جن لوگوں کے پتوں میں تبدیلی یا تصحیح کی جارہی ہے تو ایسے رائے دہندے درخواست داخل کرسکتے ہیں ۔ فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دئیے جانے کے بعد نئے ناموں کی شمولیت کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی اسی لیے فوری فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کو یقینی بنانے کی انتخابی عہدیداروں کی جانب سے خواہش کی جارہی ہے ۔ انتخابی عہدیداروں کی جانب سے ضلع عہدیدار و دیگر عہدیداروں سے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی قطعی تاریخ کے اعلان کے سلسلہ میں مشاورت جاری ہے اور امکان ہیکہ چند یوم یا پھر انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کا عمل روک دیا جائے گا ۔