نمس بی بی نگر کی جلد تعمیر پر توجہ : ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر راجیا کا اعلان
حیدرآباد 15جون ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ دیہی عوام کیلئے گھر گھر ادویات فراہم کرنے کی تجویز رکھتی ہے کیونکہ غریب دیہی عوام دواخانوں تک پہنچ کر طبی امداد حاصل کرنے کے موقف میں نہیں رہتے ہیں اسی لئے ان غریب عوام تک طبی خدمات فراہم کے مقصد سے عوام کو گھر تک دوا پہونچانے اقدامات کئے جائیں گے ۔ آج بی بی نگر منڈل کے رنگا پورم پر زیر تعمیر نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکلس سائنسس کی عمارت کا معائنہ کرنے کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر راجیا نے بتایا کہ نمس بی بی نگر کی تعمیر پر اب تک حکومت کی جانب سے 72 کروڑ روپئے خرچ کئے جاچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے اس دواخانہ کی تعمیر کو مکمل کرنے اور اس دواخانہ میں عوام کیلئے طبی خدمات کا آغاز کرنے پر کبھی توجہ نہیں دی بلکہ اس دواخانہ کیلئے تعمیر کی جانے والی عمارت کو نظر انداز کردیا جس کی وجہ سے 9 سال گذر جانے کے باوجود آج تک طبی خدمات کا آغاز نہیں کیا جاسکا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نمس کیلئے خصوصی اقدامات کر کے طبی خدمات کا جلد آغاز کریگی۔ ڈاکٹر راجیا نے تیقن دیا کہ عاجلانہ طور پر رقومات کی فراہمی کے ذریعہ نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس بی بی نگر میںآوٹ پیشنٹ خدمات کا آغاز کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کل 17 جون کو نمس بی بی نگر کے زیر التوا کاموں کا جائزہ لینے اور اس ہاسپٹل میں جلد عوام کیلئے طبی خدمات فراہم کرنے منصوبہ بندی کے مقصد سے متعلقہ عہدیداران محکمہ صحت و طبابت ماہرین اور مقامی عوامی نمائندوں و قائدین کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا جائیگا ۔ اجلاس میں آوٹ پیشنٹ طبی خدمات کا آغاز کرنے درکار سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ دورہ کے موقع پر مسرس شیکھر ریڈی، یادو ریڈی اور رمیش ارکان اسمبلی و دیگر قائدین و عہدیدار موجود تھے۔