عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات کی فراہمی کا مطالبہ

جی ایچ ایم سی تلگودیشم کا احتجاجی مظاہرہ ۔کلکٹر کو یادداشت
حیدرآباد۔/29اگسٹ، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد تلگودیشم کے زیر اہتمام غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات ، شادی مبارک اسکیم کے تحت رقومات، کلیان لکشمی کے علاوہ فیس ری ایمبرسمنٹ کے رقومات فراہم کرنے کے مطالبہ پر کلکٹر آفس کے روبرو احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا ۔ حکومت پر عوامی فلاح و بہبودی پروگراموں کی عمل آوری کو نظرانداز کرنیکے خلاف احتجاج کیا گیا۔ قیادت مسٹر ایم این سرینواس و سابق ایم پی آر چندر شیکھر ریڈی نے کی۔ سینئر قائدین سائی بابو ، امجد خان، سارنگا پانی، علی بن سعید الگتمی، شفیق الزماں، انیس الرحمن، اسلم خان، سلیم خان، کے وینکٹیش گوڑ، بجرنگ شرما، شکیلہ ریڈی، انور حسین و دیگر شریک تھے۔ بعد ازاں یادداشت ضلع کلکٹر کو پیش کی گئی۔ اس موقع پر چندر شیکھر ریڈی نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت میں کرپشن اور بے قاعدگیاں عروج پر ہیں لیکن حکومت کوئی انسداد کرنے سے گریز کررہی ہے ۔ حکومت ہی بالواسطہ طور پر کرپشن اور بے قاعدگیوں کی ہمت افزائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گینگسٹر نعیم کیس میں ملوث خاطیوں کے خلاف کارروائی سے حکومت گریز کررہی ہے اور ڈرگس مافیا میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی بجائے خاموشی اختیار کرلی گئی ۔ علاوہ ازیں میاں پور اراضی اسکینڈل کے باوجود حکومت کی خاموشی معنی خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ بلدی انتخابات کے موقع پر حیدرآباد کے غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا اور پھر جھونپڑیوں میں زندگی بسر کرنے والوں کو تخلیہ کروادیا گیا۔ لیکن آج تک شہر حیدرآباد میں کہیں بھی ڈبل بیڈ روم مکانات نہ ہی تعمیر کئے گئے اور نہ ہی فراہم کئے گئے۔ علاوہ ازیں غریب مسلم لڑکیوں کی شادی وغیرہ کیلئے شادی مبارک اسکیم کو متعارف کیا گیا۔ پولیس نے بعد ازاں احتجاجیوں کو حراست میں لیکر پولیس اسٹیشن عابڈز منتقل کیا۔