عوام کو پاسپورٹ کی بروقت اجرائی یقینی بنائی جائے

نئی دہلی 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ سشما سواراج نے پاسپورٹس کی اجرائی میں بروقت ‘ موثر اور جوابدہ خدمات کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے اور کہا کہ قطار میں آخری شخص تک بھی توجہ دی جانی چاہئے ۔ سشما سواراج نے پاسپورٹس آفیسر کی سہ روزہ کانفرنس کا یہاں افتتاح انجام دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ پاسپورٹ کی اجرائی میں طریقہ کار اور قاوعد کو سہل بنائیں اور رکاوٹوں کو دور کیا جائے ۔

انہوں نے سنٹرل پاسپورٹ آرگنائزیشن کی جانب سے نظام میں اصلاحات کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس میں مزید بہتری کی گنجائش ہے ۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اصلاحات کا عمل عام آدمی کے مسائل اور اس کی بہتری پر مرکوز ہونا چاہئے اور ہر شخص پر توجہ دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مزید ضرورت اس بات کی ہے کہ اطلاعات کے فروغ کے اس دور میں درخواست گذار کو پاسپورٹ درخواست کے موقف سے باخبر رکھا جائے تاکہ انہیں کسی طرح کی الجھن نہ ہونے پائے ۔ پاسپورٹ سیوا میں تیزی اور موثر کارکردگی کو اہمیت دی جانی چاہئے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ مرکزی حکومت چاہتی ہے کہ ایسے انتظامی اصلاحات اور پالیسیاں رائج کی جائیں جن کے نتیجہ میں شہریوں کو سہولت ہو اور سسٹم میں ان کا اعتماد بحال کیا جاسکے ۔

سشما سواراج کا آج دورہ بنگلہ دیش
نئی دہلی 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ سشما سواراج وزارت خارجہ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد کل اپنے پہلے بیرونی دورہ پر بنگلہ دیش روانہ ہونگی ۔ وہ وہاں اعلی قیادت کے ساتھ اہم باہمی مسائل بشمول زمینی سرحدی معاہدہ اور مجوزہ ٹیسٹا دریائی معاہدہ کے تعلق سے تبادلہ خیال کرینگی ۔ حالانکہ اس دورہ کے موقع پر کوئی معاہدہ نہیں ہوگا اور نہ کوئی اہم نتیجہ نکل سکتا ہے تاہم اس دورہ کو خیر سگالی دورہ کہا جا رہا ہے تاکہ باہمی تعلقات کو آگے بڑھایا جاسکے ۔ دونوں ملکوں کے مابین گذشتہ چند برسوں سے باہمی تعلقات اچھے چل رہے ہیں۔