عوام کو بہتر برقی خدمات کی فراہمی کیلئے اقدام

محکمہ میں رشوت سے پاک ماحول کا عہد۔ رگھوما ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔یکم۔نومبر (سیاست نیوز ) محکمہ برقی کی جانب سے عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور محکمہ ٔ برقی کو رشوت ستانی کے عمل سے پاک بنانے کی ممکنہ کوشش میں عوامی تعاون حاصل کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن لمپنی لمیٹیڈ رگھوما ریڈی نے آج ویجلنس شعور بیداری ہفتہ کے موقع پر عہدیداروں و ملازمین کو رشوت سے پاک ماحول کی فراہمی کا تجدید عہد کروایا ۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ مسٹر رگھوما ریڈی کے علاوہ تقریب میں جناب میر کمال الدین علی خان ‘ مسٹر سرینواس ڈائرکٹرس کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ صدرنشین نے کہا کہ سی پی ڈی سی ایل کی جانب سے 60ہزارزرعی برقی کنکشن کو حکومت نے منظوری فراہم کردی ہے اس اعتبار سے انہیں کنکشن فراہم کرنے کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ برقی کی خدمات کو بہتر بنانے ضروری ہے کہ اسے عصری سہولتوں کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ انہوں نے موبائیل اور دیگر موصلاتی سہولتوں سے لیس محکمہ برقی کی خدمات کو یقینی بنانے کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ بہت جلد ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی جانب سے ہر طرح کی عصری سہولتوں کا آغاز عمل میں آئے گا۔ محکمہ برقی کے صارفین محکمہ کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ان کی سہولتوں کا خیال رکھنا حکام و ملازمین کی ذمہ داری ہے اس میں کوتاہی نہیں ہونی چاہئے ۔ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی جانب سے ہفتہ عوامی شعور بیداری پروگرام منعقد کرکے ویجلنس شعور بیداری ہفتہ منایا جائیگا اور اس دوران مختلف پروگرامس کے انعقاد کے ذریعہ عوام اور عہدیداروں کوباشعور بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔