’عوام کو اچھے دن کے بجائے جھاڑو ملی ہے‘: اکھلیش

یوپی میں ایس پی ۔ کانگریس اتحاد کو 300 نشستوں پر کامیابی یقینی، انتخابی جلسہ سے خطاب

سلطان پور 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے چیف منسٹر اکھلیش یادو نے اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کا آج یہاں آغاز کرتے ہوئے بی جے پی کے زیرقیادت مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے انتخابی منشور میں معلنہ چند پُرعزم اسکیمات کا کریڈٹ لینے کے لئے وہ (بی جے پی حکومت) اپنے بجٹ میں ان اسکیمات کو شامل کرسکتی ہے۔ اکھلیش نے جو ایس پی کے قومی صدر بھی ہیں، اچھے دن سے متعلق وزیراعظم نریندر مودی کا مذاق اُڑایا اور کہاکہ عوام کو اچھے دن کے بجائے جھاڑو ملی ہے یا پھر یوگا کرنے کا درس ملا ہے۔ اکھلیش یادو نے سلطان پور میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’بالخصوص خواتین اور نوجوانوں کے لئے ہمارے انتخابی منشور میں کئی انتہائی پُرعزم اسکیمات ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ مرکزی بجٹ میں ایسی چند اسکیمات کو شامل کیا جائے گا تاکہ بی جے پی اس کا کریڈٹ لے سکے‘‘۔ اکھلیش نے نوٹوں کی منسوخی پر بی جے پی حکومت کی سخت مذمت کی اور کہاکہ بی جے پی کے اس فیصلے سے دیہی علاقوں کے عوام کو سخت دشواریوں کا سامنا ہے۔ کانگریس سے انتخابی مفاہمت کرنے کے بعد اکھلیش نے جو ایس پی کی قیادت بھی سنبھال چکے ہیں، کہاکہ ’’اب کانگریس سے مفاہمت کے بعد اسمبلی کی 403 کے منجملہ ہم 300 نشستیں حاصل کرلیں گے‘‘۔ اقتدار و طاقت کی لڑائی میں فتح کے بعد اکھلیش نے کہاکہ حالیہ عرصہ کے دوران وہ کئی نشیب و فراز دیکھے ہیں اور صرف وہی موقف اختیار کیا جس میں عوام کی فلاح و بہبود مضمر ہے۔ یوپی کے جواں سال چیف منسٹر نے ایس پی کے انتخابی منشور کا تفصیلی تذکرہ کرتے ہوئے عوام کو یاد دلایا کہ 2012 ء کے انتخابات سے قبل انھوں نے جو وعدے کئے تھے وہ تمام پورے کئے جاچکے ہیں۔ اکھلیش نے گزشتہ پانچ سال کے دوران اپنی حکومت کے کارناموں کو اُجاگر کرتے ہوئے عوام کو بتایا کہ وہ ترقی پر یقین رکھتے ہیں جبکہ دوسرے محض گندہ سیاسی بازی گری پر یقین رکھتے ہیں۔