شکست پر جائزہ اجلاس طلب کیا جائے گا: صدر تلنگانہ پی سی سی پنالہ لکشمیا
حیدرآباد /16 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے عوامی فیصلہ قبول کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل پر کانگریس اپوزیشن میں رہ کر تعمیری رول ادا کرے گی۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ کامیابی حاصل ہوگی تو پارٹی کی کامیابی کہلائے گی، جب کہ شکست کے وہ خود تنہا ذمہ دار ہوں گے، لہذا وہ اپنے فیصلہ پر اٹل ہیں اور بہت جلد پارٹی قائدین کا اجلاس طلب کرکے شکست کا جائزہ لیں گے اور غلطیوں کی نشاندہی کرکے مستقبل میں اسے دور کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ جمہوریت میں ہار جیت لگی رہتی ہے، وہ اور کانگریس پارٹی عوامی فیصلہ کا احترام کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی لہر کا اثر تلنگانہ میں بھی دیکھنے کو ملا، تاہم کانگریس پارٹی کامیابی اور شکست سے بالاتر ہوکر عوامی خدمات کو ترجیح دے گی۔
علاوہ ازیں نئی ریاست میں نئی تشکیل پانے والی حکومت سے کانگریس پارٹی ترقی و بہبود کے معاملے میں مکمل تعاون کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو حکومت سے رجوع کرنے اور اس کو حل کرانے کے لئے کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی۔ انھوں نے کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔ پارٹی کی شکست کی ذمہ داری قبول کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے انتخابی نتائج پر وہ کانگریس ہائی کمان کو بہت جلد ایک رپورٹ پیش کریں گے، اس کے بعد پارٹی قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی اس کو قبول کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں اس وقت کانگریس کی جو صورت حال ہوئی ہے، وہ ماضی میں کبھی نہیں دیکھی گئی۔ انھوں نے تلنگانہ میں اکثریت حاصل کرنے والے ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ، سیما۔ آندھرا میں اکثریت حاصل کرنے والے تلگودیشم سربراہ این چندرا بابو نائیڈو اور بی جے پی کے وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی کو مبارکباد پیش کی۔