عوام میں نفرت کا زہر گھولنے والوں سے کوئی سمجھوتا نہیں : راہول گاندھی

تلگودیشم قائد فیروزخان کی صدر کل ہند کانگریس سے ملاقات ، کانگریس میں کل شمولیت کا عزم

حیدرآباد۔ 24 فروری (سیاست نیوز) تلگودیشم قائد فیروز خان نے آج دہلی پہنچ کر صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد 26 فروری کو گاندھی بھون پہنچ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست میں سیاسی حالات تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں۔ گذشتہ انتخابات میں اسمبلی حلقہ نامپلی سے مجلس کو سخت مقابلہ پیش کرنے والے فیروزخان نے راہول گاندھی سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ وہ سیکولرازم پر ایقان رکھتے ہیں۔ ماضی میں کانگریس پارٹی کا حصہ رہے ہیں مگر کانگریس کی مجلس سے مفاہمت کے باعث انہیں ٹکٹ سے محروم کیا گیا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے دوسری جماعتوں کی ٹکٹ پر اسمبلی حلقہ نامپلی سے مقابلہ کیا اور مجلس کو سخت مقابلہ پیش کرچکے ہیں۔ راہول گاندھی نے فیروزخان کو بتایا کہ مستقبل میں مجلس سے مفاہمت یا اتحاد ہرگز نہیں ہوگی۔ حالیہ کئی ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں صدر جماعت کا اصلی چہرہ منظرعام پر آچکا ہے۔ انہوں نے اپنے امیدواروں کو میدان میں اتارتے ہوئے سیکولر ووٹوں کو تقسیم کررہا ہے جس کا راست فائدہ فرقہ پرست طاقتوں کو پہنچا ہے۔ جن ریاستوں میں انتخابات ہوئے ہیں مجلسی قائدین نے کانگریس کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا ہے۔ وہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کو ہدایت دے چکے ہیں کہ دوسری جماعتوں کی فہرست میں مجلس کو شامل کریں۔ ان سے کوئی مروت نہ کرتے ہوئے پرانے شہر میں طاقتور امیدواروں کو میدان میں اتاریں۔ مجلس کو شکست دینے اور کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے جی توڑ کوشش کریں۔ کانگریس پارٹی ایسی جماعتوں سے اتحاد نہیں کرے گی جو عوام کے درمیان نفرت کا زہر گھولتی ہیں۔ کانگریس سیکولر اقدار و نظریات رکھنے والی جماعت ہے۔ کانگریس پارٹی کیلئے خدمات انجام دینے والے قائدین کو پارٹی میں ہمیشہ اونچا مقام فراہم کیا جائے گا۔ کانگریس پارٹی کو حرکیاتی و نوجوان قائدین کی ضرورت ہے۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیروزخان نے کہا کہ وہ راہول گاندھی سے ملاقات کرنے کے بعد ان کی سوچ اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔ وہ 26 فروری کو صبح 10 بجے اپنے حامیوں اور رفقاء کے ہمراہ درگاہ یوسفین ؒ میں حاضری دینے کے بعد ریالی کی شکل میں گاندھی بھون پہنچ کر کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔