عوام مرکزی حکومت کے خلاف جدوجہد کو تیز کردیں : نوین پٹنائک

بھوبنیشور 5 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت پر اوڈیشہ کے خلاف سیاسی امتیاز کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف منسٹر نوین پٹنائک نے آج عوام سے کہا کہ وہ اپنے حقوق کیلئے مرکز کے خلاف جدوجہد تیز کردیں۔ پٹنائک نے اپنے والد بیجو پٹنائک کے 99 ویں یوم پیدائش کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی نظام کے تحت مرکز کی بھی ذمہ داری ہے کہ ریاست کی ترقی کو یقینی بنائے ۔ لیکن مرکزی حکومت نے 14 ویں فینانس کمیشن کی گرانٹس میں ریاست کا حصہ کم کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے یہ اعتراف کیا تھا کہ ریاست کا فینانس مینجمنٹ بہت اچھا ہے اس کے باوجود فنڈز کم کردئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے امتیاز سے یقینی طور پر حکمرانی کا وفاقی نظام کمزور ہوجائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے بہار اور مغربی بنگال کیلئے خصوصی امداد کا اعلان کیا لیکن اس نے اوڈیشہ کو یکسر نظر انداز کردیا ہے ۔