گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر پر مباحث ، تلگو دیشم فلور لیڈر کا بیان
حیدرآباد 10 مارچ (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی نے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کے مطابق بجٹ پیش کیا جائے۔ گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے تلگودیشم فلور لیڈر اے نرسا ریڈی نے کہا کہ نئی ریاست کے قیام کے بعد عوام نے حکومت سے کئی توقعات وابستہ کی ہیں۔ 60 سالہ طویل جدوجہد کے بعد تلنگانہ ریاست حاصل ہوئی اور عوام کو توقع ہے کہ حکومت اُن سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرے گی۔ انہوں نے وزیر فینانس ای راجندر کو مشورہ دیا کہ وہ سال 2015-16 کے بجٹ میں عوامی توقعات کو پیش نظر رکھیں اور عوام کو مایوس نہ ہونے دیں ۔ نرسا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ گورنر کے خطبہ میں کئی اہم وعدوں کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔ نئی ریاست تلنگانہ میں عوام کو در پیش مسائل کا گورنر کے خطبہ میں احاطہ نہیں کیا گیا اور نہ اُن کی یکسوئی کا تیقن دیا گیا۔ عوام نے امید کی تھی کہ نئی ریاست میں ہر گھر کو ایک ملازمت حاصل ہوگی لیکن ابھی تک حکومت نے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقررات میں تاخیر کے سبب عوام بالخصوص نوجوان حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکامی کا الزام عائد کیا کہ اور کہا کہ کسانوں کے مسائل کی یکسوئی کا حکومت نے وعدہ کیا تھا لیکن ابھی تک کسانوں کے قرضہ جات معاف نہیں کئے گئے جس کے باعث کسان معاشی بحران کا شکار ہیں۔ حکومت نے کے جی تا پی جی مفت تعلیم کا وعدہ کیا لیکن 9 ماہ گذرنے کے باوجود ابھی تک اسکیم پر عمل آوری شروع نہیں ہوئی ہے۔ نرسا ریڈی نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر توجہ مرکوز کرے ۔