عوام سے پولیس کے تعلقات بہتر بنانے مساعی

بارکس گراونڈ پر کرکٹ ٹورنمنٹ کا افتتاح : کمشنر پولیس کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : پرانے شہر حیدرآباد کے تاریخی بارکس گراونڈ پر حیدرآباد کرکٹ لیگ کا آج آغاز ہوا ۔ حیدرآباد سٹی پولیس کے اس ٹورنمنٹ کو سٹی پولیس کمشنر نے پولیس اور عوام کی بہترین پارٹنر شپ قرار دیا ۔ اس موقع پر کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار نے کہا کہ یہ کرکٹ ٹورنمنٹ حیدرآباد کرکٹ لیگ 2018 کمیونٹی و فرینڈلی پولسیلنگ کا بہترین نمونہ ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ آج سارے ملک میں بہترین عوامی سہولیات اور خوشگوار پرامن ماحول کیلئے حیدرآباد اپنی علحدہ پہچان رکھتا ہے اور شہر حیدرآباد کے اس نام کو کمشنر نے عالمی سطح تک پہونچانے کے عزم کا اظہار کیا اور ساتھ ہی یہ بھی اعتراف کیا کہ پولیس کا یہ عزم بغیر عوامی تعاون اور مدد کے پورا نہیں ہوسکتا اور پولیس اپنے مقصد میں کامیابی اور بہترین ماحول کی فراہمی کے لیے ایسے منفرد اقدامات کو اہمیت دے رہی ہے ۔ سٹی پولیس کمشنر نے کہا کہ فرینڈلی پولیسنگ کے تحت عوام کے ساتھ پولیس کے تعلقات کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے شہریوں کو بھروسہ دلایا کہ وہ پولیس عوام کے ساتھ بروقت ان کی خدمت میں جٹی ہوئی ہے اور عوامی خدمات کو کس طرح بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ اس پر توجہ دی جارہی ہے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر آف پولیس لا اینڈ آرڈر حیدرآباد سٹی پولیس مسٹر دیویندر سنگھ چوہان ساوتھ زون ڈی سی پی مسٹر ستیہ نارائنا ایڈیشنل ڈی سی پی ٹرافک مسٹر بابو راؤ دیگر موجود تھے ۔۔