عوام سرکاری اسکیمات سے استفادہ کریں

فلاحی پروگراموں سے لاکھوں خاندانوں کو فائدہ ‘ ہریش راؤ
حیدرآباد 26 مارچ ( آئی این این ) وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے شروع کی گئی فلاحی اسکیمات کے فوائد سے استفادہ کریں۔ ریاست میں حکومت کئی فلاحی اسکیموں پر عمل آوری کر رہی ہے ۔ گجویل اسمبلی حلقہ کے جگدیوپور منڈل میں 570 کسانوں میں سرٹیفیکٹس تقسیم کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئی پروگرامس شروع کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے زرعی اراضیات کے مفت رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی ہے ۔ یہ سہولت ان اراضیات کیلئے ہے جو سادہ بیع نامہ پر خریدی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم سے ریاست میں تقریبا گیارہ لاکھ کسانوں کو فائدہ ہوا ہے ۔ ہریش راؤ نے مطلع کیا کہ ریاستی حکومت نے کلیان لکشمی / شادی مبارک اسکیم کے تحت رقم میں اضافہ کردیا ہے ۔ پہلے یہ رقم 51,000 روپئے مقرر کی گئی تھی تاہم یکم اپریل سے یہ رقم بڑھا کر 75,116 روپئے کردی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غریب لڑکیوں کی شادی کے وقت مدد کرنے کی اسکیم سے اب تک ریاست میں لاکھوں خاندانوں کو فائدہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم سارے ملک میں اپنی نوعیت کی منفرد اسکیم ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے دہی علاقوں کی ترقی کے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ تقریب میںسدی پیٹ کے جوائنٹ کلکٹر ایم ہنمنت راؤ اور دوسرے شریک تھے ۔