عوام تک اطلاعات پہونچانے پر زور : جیٹلی

نئی دہلی 2 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) عوام تک زیادہ سے زیادہ اطلاعات پہونچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات ارون جیٹلی نے آج اپنے وزارتی ساتھیوں سے کہا کہ وہ حکومت کی جانب سے ایسا کرنے آگے آئیں ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ پروپگنڈہ کرنے سے گریز کریں۔ حکومت کی مواصلاتی حکمت عملی کو بہتر بنانے اعلی عہدیداروں کیلئے منعقدہ ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے جیٹلی نے وزرا سے کہا کہ وہ موثر اور بہتر انداز میں اطلاعات عوام تک پہونچانے کیلئے کوشاں رہیں اور عوام کو حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں سے واقف کروائیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے واضح طور پر کہا کہ ان کا کام پروپگنڈہ کرنا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پروپگنڈہ اور اطلاعات کے مابین فرق ہے ۔ عہدیداروں کو پروپگنڈہ کیلئے تیار نہیں کیا گیا ہے ۔ عوامی خدمت گاروں کا ڈسیپلن انہیں پروپگنڈہ کی اجازت نہیں دیتا ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کے میدان میں ایسا کیا جاسکتا ہے لیکن عہدیدار ایسا نہیں کرسکتے ۔ عہدیداروں کو چاہئے کہ حکومت سے متعلق اطلاعات کو عوام تک پہونچائیں۔ مسٹر جیٹلی نے وزارتوں کے کچھ پروگرامس ہوں یا اسکیمات ہوں تو انہیں بہتر انداز میں عوام تک پہونچانے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ایسے میں ہعدیدار یہ کام کرسکتے ہیں لیکن انہیں کسی طرح کے پروپگنڈہ کی حوصلہ افزائی کرنے سے گریز ہی کرنا چاہئے ۔