حیدرآباد۔6ڈسمبر(سیاست نیوز) شہریان حیدرآباد اور رائے دہندے سوشل میڈیا اور سینہ بہ سینہ چلائی جانے والی افواہوں پر توجہ نہ دیں بلکہ وہ کسی بھی بے بنیاد اطلاع کی تصدیق کیلئے الجھن کا شکار نہ ہوں بلکہ رائے دہی پر توجہ دیتے ہوئے اپنے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی کوشش کریں ۔ سابق میں مقامی جماعت کی جانب سے افواہوں کا بازار گرم کرتے ہوئے اپنی کامیابی کی راہ ہموار کرنے کی کئی مثالیں ملتی ہے اور اب سوشل میڈیا کے دور میں افواہ پھیلانا بہت آسان ہوچکا ہے ایسے میں شہریوں کو چوکنا رہنا چاہئے ۔ شہر کے حلقہ جات اسمبلی سے مقامی جماعت کے امیدواروں کے خلاف موجود امیدواروں کے متعلق مختلف قسم کی افواہیں گشت کروائی جانے لگی ہیں اور کیڈر کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر کے انتخابات کو متاثر کرنے تیار کی گئی سازش کے مطابق امیدواروں کی جماعت میں واپسی ‘ گرفتاری اور ان پر حملوں کی افواہ کے ذریعہ ماحول کو کشیدہ کرنے کی کوشش کی جا ئے گی ۔ محکمہ پولیس کے خفیہ ایجنسیوں اور سائبر کرائم سیل کی جانب سے بھی اس طرح کی اطلاعات پر چوکسی اختیار کرتے ہوئے حالات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔عوام بھی اس طرح کی اطلاعات پر اس وقت تک یقین نہ کریں جب تک کسی مصدقہ ذرائع سے خبر موصول نہ ہوں اور کسی بھی بے بنیاد اطلاع کو سوشل میڈیا کے ذریعہ آگے بڑھانے سے اجتناب کیاجائے۔