گاندھی بھون میں پریس کانفرنس ، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے حکومت کی ناکامیوں اور عوامی برہمی پر اثر انداز ہونے کے لیے فرضی سروے اور بوگس ایوارڈس کا سہارا لینے کا چیف منسٹر کے سی آر پر الزام عائد کیا ۔ گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے خوش نہیں ہے ۔ 2014 کے انتخابی منشور میں ٹی آر ایس نے عوام سے جو بھی وعدے کئے اس کو پورا کرنے میں تلنگانہ حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ۔ ریاست تلنگانہ میں ہر قسم کے مافیا کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ بدعنوانیاں اور بے قاعدگیاں آسمان کو چھو رہی ہیں ۔ آئندہ عام انتخابات میں حکمراں ٹی آر ایس کو سبق سکھانے عوام تہہ کرچکے ہیں عوامی ناراضگی کو بھانپنے کے بعد چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر فرضی سروے اور بوگس ایوارڈس کا سہارا لیتے ہوئے عوام کی سونچ و فکر پر حاوی ہونے کی کوشش کررہے ہیں ۔ جھوٹی تشہیر کا سہارا لیتے ہوئے پارٹی کیڈر کو اطمینان دلانے کی کوشش کررہے ہیں کہ پارٹی کا موقف کافی مستحکم ہے اور انہیں یہ یقین دلانے کی کوشش کررہے ہیں کہ 2019 کے عام انتخابات میں ٹی آر ایس 100 اسمبلی حلقوں میں کامیابی حاصل کرے گی ۔ جب کہ حقیقت یہ ہے کہ ٹی آر ایس کو سبق سکھانے کے لیے ریاست کے عوام انتخابات کا بڑی بے چینی سے انتظار کررہے ہیں ۔ سارے سروے ٹی آر ایس کے خلاف ہیں جس کا بخوبی چیف منسٹر کو اندازہ ہے ۔ اس لیے وہ حکومت کے کارناموں پر ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں بات چیت کرنے کے بجائے انتخابی سروے پر بات کررہے ہیں ۔ انہوں نے چند خانگی اداروں کی جانب سے زرعی معاملت میں ایوارڈ کے لیے چیف منسٹر تلنگانہ کو منتخب کرنے پر حیرت کا اظہار کیا اور بتایا کہ گذشتہ تین سال سے تلنگانہ میں زرعی بحران جاری ہے ۔ 3500 کسانوں نے خود کشی کی ہے ۔ آج تک حکومت کی جانب سے کوئی راحت فراہم نہیں کی گئی اور نہ ہی چیف منسٹر نے خود کشی کرنے والے کسانوں کے ارکان خاندان سے ملاقات کی ۔ ایسے میں چیف منسٹر کے سی آر کو ایوارڈ دینا لاکھوں کسانوں کی توہین کرنے کے مترادف ہے ۔ قبل ازیں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے بشیر باغ پہونچکر 17 سال قبل برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس موقع پر جنرل سکریٹریز تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ونود ریڈی بلوکشن سابق کارپوریٹر ایس محمد واجد حسین صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔۔