عوامی مسائل کی یکسوئی پر اسمبلی میں تعمیری رول کے لیے تیار : بی جے پی

ٹی آر ایس پر انتخابی وعدوں میں ناکامی کا الزام ، ڈاکٹر کے لکشمن فلور لیڈر بی جے پی
حیدرآباد۔/13نومبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی نے اعلان کیا کہ وہ عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے اسمبلی میں تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کرے گی اور وہ ہمیشہ عوام کے ساتھ رہے گی۔ پارٹی کے فلور لیڈر ڈاکٹر لکشمن اور رکن اسمبلی سی ایچ رامچندرا ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اسمبلی میں اپوزیشن کے سوالات کا جواب دینے کے بجائے جوابی حملہ کرتے ہوئے ہر مسئلہ کو سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزراء کی جانب سے اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعہ اپوزیشن کو عوامی مسائل کو اٹھانے سے روکا جارہا ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے غریب خاندانوں کو نئے راشن کارڈز کی اجرائی کے سلسلہ میں حکومت کے موقف کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نئے کارڈس کی اجرائی کیلئے شرائط میں تبدیلی کی ہے اور ابھی تک مستحق خاندانوں کو نئے کارڈس کی اجرائی کا آغاز نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جامع سماجی سروے کے بعد عوام میں کئی اندیشے پائے جاتے ہیں کہ وہ نئے سروے کی بنیاد پر وظائف اور دیگر سہولتوں سے محروم ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کے اندیشوں کو دور کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ حکومت کا رویہ مناسب نہیں۔ لکشمن نے کہا کہ ان کی پارٹی اسمبلی میں عوامی مسائل کو شدت کے ساتھ پیش کرے گی اور ان کی یکسوئی کیلئے جدوجہد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر مباحث سے بچنے کیلئے گزشتہ تین دن سے برسراقتدار پارٹی کسی نہ کسی عنوان پر کارروائی میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے بتایا کہ حیدرآباد میں کئی غریب و مستحق خاندان راشن کارڈ سے محروم ہیں اور حکومت کی جانب سے فی کس 6کیلو چاول کی سربراہی کا ابھی تک آغاز نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل حکومت کی ذمہ داری ہے ورنہ عوام حکومت کے خلاف احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔