عوامی مسائل کو پیش کرنا کانگریس قائدین کی ذمہ داری

حیدرآباد ۔ 12 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : صدر پردیش کانگریس مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا نے کہا کہ کانگریس کے دو قائدین گروپ آف منسٹرس کو کیا رپورٹ پیش کریں گے وہ اس سے لا علم ہیں ۔ صرف اتنا معلوم ہے کہ دامودھر راج نرسمہا تلنگانہ اور وی وسنت کمار سیما آندھرا کے مسائل پر رپورٹ پیش کرینگے ۔ انہوںنے آج دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ مسٹر سشیل کمار شنڈے سے ملاقات کی اور ریاست کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے قائدین چاہے وہ تلنگانہ کے ہو یا آندھرا کے اپنے موقف پر اٹل ہیں ۔ کانگریس قائدین سی ڈبلیو سی فیصلے کا احترام کرتے ہیں تاہم عوامی مسائل کو پیش کرنا ان کی ذمہ داری ہے ۔ تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا تلنگانہ مسائل پر اور وزیر سیاحت مسٹر وی وسنت کمار سیما آندھرا کے عوامی مسائل پر رپورٹ گروپ آف منسٹرس کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے عوام کو کبھی دھوکہ نہیں دیا تمام جماعتوں نے پہلے تلنگانہ کی تائید کی اور سب سے آخر میں کانگریس پارٹی نے تلنگانہ کی تائید میں فیصلہ کیا ۔ تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس نے تلنگانہ کی تائید کی جس کے بعد کانگریس پر تلنگانہ کی تائید میں دباؤبڑھ گیا ۔ جب کانگریس نے تلنگانہ کی تائید کی ۔ یہ دونوں جماعتیں اپنا موقف تبدیل کرکے کانگریس کو عوام کے سامنے قصور وار قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔۔