کانگریس کے محاذی تنظیموں کے صدور کا اجلاس ، ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پی سی سی ملو بٹی وکرامارک کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ملو بٹی وکرامارک نے آج اپنی قیام گاہ پر کانگریس کے محاذی تنظیموں کے صدور کا اجلاس طلب کیا جس میں ڈپارٹمنٹس اور سلیس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے پارٹی کے استحکام اور مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا ۔ اس اجلاس میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین صدر کانگریس بی سی ڈپارٹمنٹ چترنجن داس صدر ایس ٹی سیل جگن لعل نائیک ، صدر ایس سی سیل اے موہن بھی موجود تھے ۔ ملو بٹی وکرامارک نے کانگریس کے محاذی تنظیموں کے صدور سے اپنے اپنے ڈپارٹمنٹ اور سیل کی کارکردگی پر وضاحت طلب کی ۔ محمد خواجہ فخر الدین نے بتایا کہ وہ تمام اضلاع کی کمیٹیاں تشکیل دے چکے ہیں ۔ منڈل کی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں ۔ ویلیج لیول کی کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں وہ اضلاع کے دورے کرتے ہوئے پارٹی ورکرس کو متحرک کررہے ہیں ۔ مقدس ماہ رمضان کے دوران مختلف مقامات پر افطار پارٹیوں کا بھی اہتمام کرچکے ہیں ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے منعقدہ احتجاجی پروگرامس کو کو کامیاب بنانے میں اقلیت ڈپارٹمنٹ نے بھی اہم رول ادا کیا ہے ۔ گذشتہ تین سال کے دوران 12 فیصد مسلم تحفظات کے لیے بھی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے مختلف اضلاع میں احتجاجی پروگرامس کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ وہ اقلیت ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ایک جلسہ عام یا پلینری سیشن منعقد کرنے کے بارے میں بھی سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ۔ دوسرے ڈپارٹمنٹ اور سیل کے صدور نے بھی اپنی اپنی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔ ملو بٹی وکرامارک نے محاذی کمیٹیوں کے صدور کو بتایا کہ آئندہ سال عام انتخابات منعقد ہونے والے ہیں ابھی سے محاذی تنظیمیں متحرک ہوجائے ۔ اور عوامی مسائل کو جاننے کے لیے عوام کے درمیان پہونچے ان کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں ۔ پارٹی کو مستحکم کرنے کے لیے اپنے آپسی اور نظریاتی اختلافات کو دور کرتے ہوئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجائے ۔ ہر ڈپارٹمنٹ و سیل اپنے اپنے طبقہ کے مسائل پر پارٹی کو رپورٹ پیش کریں ۔۔