انیل یادو تلنگانہ صدر یوتھ کانگریس کا حصول جائزہ، کانگریس قائدین کا خطاب
حیدرآباد /23 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے تلنگانہ یوتھ کانگریس کے نومنتخب صدر انیل کمار یادو اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوامی مسائل پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے اور حکومت کے خلاف جدوجہد کا مشورہ دیا۔ آج گاندھی بھون کے پرکاشم ہال میں انیل کمار یادو نے بحیثیت صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس اپنی ذمہ داریوں کا جائزہ لیا۔ جلسہ کی صدارت صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس ڈی ناگیندر نے کی۔ اس موقع پر سکریٹری انچارج تلنگانہ کانگریس امور آر سی کنٹیا، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک، قائد اپوزیشن اسمبلی کے جانا ریڈی، قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر، کانگریس کے ارکان راجیہ سبھا ڈاکٹر کے وی پی رام چندر راؤ، ایم اے خان، آل انڈیا یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری ہرش وردھن، کانگریس ارکان اسمبلی ڈاکٹر گیتا ریڈی، ڈی کے ارونا، سابق مرکزی وزراء سروے ستیہ نارائنا، بلرام نائک اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت اور ریاست کی ٹی آر ایس حکومت نے انتخابی مہم کے دوران نوجوانوں کو ہتھیلی میں جنت دکھائی، لیکن اقتدار حاصل ہونے کے بعد اپنے وعدوں سے منحرف ہو چکی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس قائدین حکومتوں کے خلاف کمربستہ ہو جائیں اور عوامی مسائل حل کرانے والے پروگرامس کو کامیاب بنانے میں پیش پیش رہیں۔ انھوں نے کہا کہ ورنگل کے ضمنی اور گریٹر حیدرآباد کے بلدی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے لئے یوتھ کانگریس کے قائدین ذمہ دارانہ رول ادا کریں۔ اس دوران آر سی کنٹیا نے کہا کہ 2019ء کے عام انتخابات میں کانگریس کو کامیاب بنانے کے مقصد سے یوتھ کانگریس کو کامیاب بنانے اور راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانے میں اہم رول ادا کرنا چاہئے۔ کے جانا ریڈی نے کہا کہ 2014ء کے عام انتخابات میں نوجوانوں نے کانگریس کے خلاف ووٹ دیا تھا، تاہم ڈیڑھ سال میں حالت تبدیل ہو چکی ہے، نوجوان طبقہ بی جے پی اور ٹی آر ایس سے سخت ناراض ہے۔ دریں اثناء انیل کمار یادو نے انھیں کامیاب بنانے والے تمام یوتھ کانگریس قائدین اور تعاون کرنے والے سینئر قائدین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر قائدین کو تیقن دیا کہ 2019ء تک نوجوان طبقہ کو کانگریس سے جوڑنے، راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانے اور تلنگانہ میں کانگریس کو برسر اقتدار لانے کے لئے اہم رول انجام دیں گے۔ قبل ازیں یوتھ کانگریس صدر انیل کمار یادو ریلی کی شکل میں گاندھی بھون پہنچے، جہاں بڑے پیمانے پر آتشبازی کی گئی۔