عوامی مسائل پر حکومت کا ردعمل مایوس کن ، کے سی آر کو زبان پر قابو پانے کا مشورہ

چیف منسٹر تلنگانہ پر ذمہ داریوں سے فراری کا الزام ، ملوبٹی وکرامارک کانگریس ایم ایل اے کا بیان
حیدرآباد ۔ 10 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر ملوبٹی وکرامارک نے چیف منسٹر تلنگانہ کو زبان پر کنٹرول کرنے اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا ۔ اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر حکومت کا ردعمل مایوس کن ہے ۔ تلنگانہ کے عوام پریشان ہیں انہیں اعتماد میں لینے اور راحت فراہم کرنے کے بجائے چیف منسٹر اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں ۔ ٹی آر ایس حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے کے معاملے میں سنجیدہ نہیں ہے ۔ غیر منقسم آندھرا پردیش میں کسانوں کے 13 ہزار کروڑ روپئے کے قرض معاف ہوئے اس وقت کی حکومت نے جو قرض ادا کرنے والے کسانوں کے لیے بھی انعام دیا تھا جب کہ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں کسانوں کے ایک لاکھ تک قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا جس پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عوام نے ٹی آر ایس کو اقتدار سونپا اپنی ذمہ داری بخوبی نبھانے میں ناکام ہونے والے تلنگانہ کے چیف منسٹر کے سی آر نے کانگریس کے بشمول دوسری اپوزیشن جماعتوں کے خلاف اشتعال انگیز ریمارک کرتے ہوئے اصل موضوع سے عوامی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ کانگریس پارٹی عوامی مسائل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ ایوان میں اور ایوان کے باہر عوامی مسائل کو اٹھاتے ہوئے اصل اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی ۔ حکومت کی ناکامیوں کا عوام کے سامنے پردہ فاش کریگی ۔۔