عوامی مسائل پر جدوجہد کیلئے جنا سینا، سی پی آئی و سی پی آئی ایم کا اتحاد

20 اگسٹ کو اسٹوڈنٹ جے اے سی کے یونیورسٹی گھیراؤ کی تائید، پی مدھو و دیگر کا بیان
حیدرآباد 19 اگسٹ (سیاست نیوز) آندھراپردیش ریاست میں جنا سینا، سی پی آئی اور سی پی آئی ایم مل کر عوامی مسائل پر متحدہ جدوجہد کریں گے۔ پی مدھو سکریٹری سی پی آئی ایم کمیٹی ریاست آندھراپردیش نے یہ بات کہی اور بتایا کہ آج وجئے واڑہ میں سرکاری ملازمین کے لئے کانٹریبیوٹری پنشن (سی پی ایس) اسکیم کو منسوخ کرنے کے مطالبہ پر اپوزیشن جماعتوں کے زیراہتمام ایک کانفرنس منعقد ہوگی۔ اس کانفرنس میں شرکت کرکے اپنے خطاب میں پی مدھو نے کہاکہ 20 اگسٹ کو اسٹوڈنٹس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے ہیلت یونیورسٹی کا گھیراؤ کرنے کے پروگرام کی بھرپور تائید کی جائے گی اور بتایا کہ سرکاری ملازمین کے سی پی ایس اسکیم کو منسوخ کرنے کے مطالبہ پر سی پی آئی ایم اور سی پی آئی متحدہ جدوجہد کررہی ہیں۔ انھوں نے ریاستی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حکومت کے مخالف ملازمین رویہ کے خلاف ریاست کے تمام سرکاری ملازمین حکومت پر کافی برہم ہیں۔ اسی دوران راما کرشنا سکریٹری سی پی آئی ریاستی کمیٹی آندھراپردیش نے کہاکہ سی پی ایس اسکیم کے خلاف بڑے پیمانے پر جدوجہد کرنے کے باوجود مرکزی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور سرکاری ملازمین کے تعلق سے مرکزی حکومت آمرانہ رویہ رکھتی ہے۔ اس طرح سرکاری ملازمین مرکزی و ریاستی حکومتوں کے اس طرح کے طرز عمل کی پرزور مخالفتیں کررہے ہیں اور تمام سرکاری ملازمین نے اب سی پی ایس کی منسوخی کے مطالبہ پر کی جانے والی جدوجہد کو اپنی زندگی و موت کا مسئلہ تصور کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ کے راما کرشنا نے مزید کہاکہ کانٹریبیوٹری پنشن اسکیم کے خلاف آئندہ ماہ 15 ستمبر کو وجئے واڑہ میں بڑے پیمانے پر ایک گرجنا پروگرام منعقد کیا جائے گا۔