عوامی زندگی میں سیاسی انتقام مناسب نہیں

احمد آباد ۔ 18 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سابق مرکزی وزیر شنکر سنہہ واگھیلا نے جن کے خلاف نیشنل ٹکسٹائیل کارپوریشن کی اراضی معمولی قیمت پر فروخت کرنے کے الزام میں سی بی آئی نے ایف آئی آر درج کرلیا ہے ۔ آج وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ عوامی زندگی میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے ۔ گجرات اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر واگھیلا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی زندگی میں سیاسی انتقام لینے کی این ڈی اے کوشش نہ کرے کیوں کہ آج وہ ( بی جے پی ) اقتدار میں ہے اور کل کوئی اور ہوں گے ۔ وزیر اعظم سے لے کر چیف منسٹر یا پوری کابینہ میں سے کسی ایک کو بھی بخشا نہیں جائے گا اور ان کے کپ بورڈس سے بھی انسانی ڈھانچے برآمد ہوسکتے ہیں ۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ وہ کچھ مثبت کام کرنے کی بجائے سیاسی حریفوں سے انتقام لینے میں وقت ضائع نہ کریں ۔ سی بی آئی نے ممبئی میں واقع نیشنل ٹکسٹائیل کارپوریشن کی اراضی کولکتہ کے ایک خانگی ادارہ کو فروخت کرنے کے الزام میں واگھیلا اور دیگر 6 افراد کے خلاف کل ایف آئی آر درج کیا تھا جب کہ اس معاملت کی وجہ سے سرکاری خزانہ کو 709 کروڑ کا نقصان ہوا تھا ۔

مرکزی تحقیقاتی ادارہ نے گاندھی نگر میں کانگریس لیڈر اور ملک کے دیگر مقامات پر 8 افراد کے مکانات پر دھاوے کئے تھے ۔ واضح رہے کہ شنکر سنہہ واگھیلا نے بی جے پی میں اپنا سیاسی کیرئیر نریندر مودی کے ساتھ شروع کیا تھا ۔ جب کہ سابق چیف منسٹر کیشو بھائی پٹیل نے 1995 میں پہلی مرتبہ بی جے پی کو اقتدار میں لانے کے لیے کامیاب کوشش کی تھی لیکن مودی اور پٹیل سے اختلافات کی بناء واگھیلا نے 1996 میں بی جے پی میں پھوٹ ڈال کر گجرات کے چیف منسٹر بن گئے تھے ۔ تاہم 1998 کے اسمبلی انتخاب میں انہوں نے بی جے پی کو زبردست شکست دیدی اور اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کردیا ۔ مسٹر واگھیلا جو کہ ریاست کی سیاست میں نریندر مودی کے کٹر حریف ہیں یہ ادعا کیا کہ انہوں نے کبھی غلط کام نہیں کیا اور ان کی زندگی ایک کھلی کتاب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقام کسی کے مفاد میں نہیں ہوگا جو لوگ شیش محل میں رہتے ہیں دوسروں پر پتھر نہیں پھینکنا چاہئے ۔ ان لوگوں نے میرے مکان پر سنگ باری کی ہے لیکن انہیں کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا کیوں کہ میری زندگی کھلی کتاب ہے اور میں نے کوئی ناجائز معاملت نہیں کی ہے ۔۔