عوامی جمہوریہ کانگو میں باغیوں کا حملہ، 40 شہری ہلاک

کنشاسا 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) عوامی جمہوریہ کانگو کے شورش زدہ مشرقی علاقہ میں ایک دیہات پر حملہ کے دوران کم از کم 40 شہری ہلاک کردیئے گئے۔ ایک غیر سرکاری تنظیم کے بیان کے بموجب آج صبح تک 40 شہریوں کی نعشیں دستیاب ہوچکی ہیں۔ ٹیڈی کاٹال کو صدر سیول سوسائٹی علاقہ بینی نے کہاکہ ریڈ کراس کی ٹیمیں اور پولیس تلاش کرنے کی مہم میں مصروف ہے تاکہ دیگر متاثرین کا پتہ چلایا جاسکے۔ حملہ کے لئے یوگانڈہ کے باغیوں کو ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے جن کی بغاوت میں بیسیوں افراد شدید زخمی ہوچکے ہیں۔ آج کا حملہ قصبہ کمانگو میں سحر کے وقت سے پہلے کیا گیا۔ سیول سوسائٹی نے اسلام پسند باغی گروپ اے ڈی ایف نالو کو اُس کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ یہ معدنیات کی دولت سے مالا مال عوامی جمہوریہ کانگو کا قدیم ترین سرگرم مسلح گروپ ہے۔ اقوام متحدہ کی خصوصی فوج نے جو کانگو میں تعینات ہے، کل ہیلی کاپٹرس سے باغیوں پر فائرنگ کی تھی اور سرکاری فوجیوں کو حملے کے بعد کمانگو پر قابض ہونے میں مدد کی تھی۔ اے ڈی ایف نالو الائیڈ ڈیموکریٹک فورسیس ۔ نیشنل آرمی فار دی لبریشین آف یوگانڈا کا مخفف ہے اور یہ اِس علاقہ کی واحد اسلامی تنظیم ہے۔ جولائی میں کانگو کی فوج نے تنظیم کے باغیوں سے کمانگو کے علاقہ پر اپنا قبضہ بحال کرنے کے لئے جنگ کی تھی۔ جس میں لاکھوں افراد پڑوسی ملک یوگانڈا فرار ہوکر وہاں پناہ گزین ہوگئے تھے۔