حیدرآباد ۔ 2 ۔ فروری : ( آئی این این) : عالم پور کے کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی ایس اے سمپت کمار نے ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ عوامی اہمیت کے مسائل پر بے اعتنائی سے کام کررہی ہے ۔ آج یہاں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے سمپت کمار نے حیدرآباد ہائی کورٹ کے ریمارکس کا حوالہ دیا جس میں اس نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات منعقد کرنے میں تاخیر پر حکومت تلنگانہ کی سرزنش کی ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ آٹھ ماہ کے دوران کئی مواقع پر عدالتوں نے ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی کے خلاف سخت ریمارکس کیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے کئی مسائل بشمول کسانوں کی خود کشی ایمسیٹ اور FAST پر مشکل کا سامنا کیا ۔ یہ کہتے ہوئے کہ ریگولر اساس پر اس طرح کے ریمارکس ایک منتخبہ حکومت کے مفاد میں نہیں ہیں ۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ غلطیوں سے سیکھے اور ان کا اعادہ نہ کرے ۔۔