عنقریب تلنگانہ حج کمیٹی کی تشکیل

موجودہ کمیٹی کی نگرانی میں دونوں ریاستوں کے عازمین کی روانگی
حیدرآباد۔/2اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے تلنگانہ حج کمیٹی کی تشکیل کی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے تلنگانہ حج کمیٹی کے قیام کو منظوری دے دی۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید بل 2014ء کے مطابق تمام اداروں کی دونوں ریاستوں میں تقسیم کی جانی ہے۔ آندھرا پردیش حج کمیٹی کو ایکٹ کے شیڈول 10میں شامل کیا گیا تاکہ اسے دونوں ریاستوں میں تقسیم کیا جاسکے۔ حج کمیٹی کی تقسیم عمل میں لاتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے تلنگانہ حج کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا اور اس سلسلہ میں آج باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم کی جانب سے جاری کردہ جی او ایم ایس (1) میں گورنر کے اعلامیہ کو شائع کیا گیا جس میں تلنگانہ حج کمیٹی کے قیام کو منظوری دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو حج کمیٹی کی تشکیل سے متعلق فائیل روانہ کی گئی ہے اور وہ جلد ہی صدرنشین اور عہدیداروں کے ناموں کو منظوری دیں گے۔ آندھرا پردیش حکومت بھی اپنے طور پر آندھرا پردیش حج کمیٹی کی تشکیل عمل میں لانے کی مجاز ہے۔ اگر وہ کمیٹی کی تشکیل میں تاخیر کرے تو حج سیزن 2014ء کے تمام انتظامات کی نگرانی تلنگانہ حج کمیٹی کرے گی۔
واضح رہے کہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ ریاستوں سے تعلق رکھنے والے عازمین حج موجودہ کمیٹی کے ذریعہ ہی فریضہ حج کیلئے روانہ ہوں گے۔ حج کیمپ کی تکمیل کے بعد باقاعدہ طور پر دونوں ریاستوں کی علحدہ کمیٹیوں کی کارکردگی کا آغاز ہوگا۔