سرینگر ۔ 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) اعلیٰ سطحی این ایس جی جس کو عام طور پر بلیک کیٹس کہا جاتا ہے، عنقریب گورنر راج کے دوران انسداد دہشت گردی کارروائیوں کیلئے وادی کشمیر کے حساس مقامات پر تعینات کردی جائے گی۔ ان کا ایک تربیتی مرکز سرینگر کے مضافات میں قائم کیا جائے گا۔ دریں اثناء جموں و کشمیر کے گورنر این این ووہرہ نے آج گورنر راج کے دوران ریاست کے انتظامات کیلئے ایک انتظامی کونسل کو اپنی منظوری عطا کردی۔ تمام بڑے معاملات پر آج گورنر نے ریاستی چیف سکریٹری سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور حالات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کئی اہم معاملات بشمول چند زیرالتواء تبادلوں اور تعیناتی کے معاملات پر معلومات حاصل کیں۔