عنبر پیٹ فلائی اوور اور آرام گھر تا شمس آباد چھ لائن سڑک تعمیرات کا آج سنگ بنیاد

مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سنگ بنیاد رکھیں گے ، ٹی ناگیشور راؤ وزیر عمارات و شوارع
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ حیدرآباد کے اطراف 7500 کروڑ روپئے کے مصارف سے 337 کیلو میٹر تک ریجنل رنگ روڈ تعمیر کی جارہی ہے ۔ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری 5 مئی کو عنبر پیٹ فلائی اوور اور آرام گھر تا شمس آباد تک 6 لائن روڈ کی تعمیرات کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ آج سکریٹریٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ عنبر پیٹ کو ڈالی کے قریب 186.71 کروڑ روپئے کے مصارف سے 1.4 کیلو میٹر 4 لائن فلائی اوور تعمیر کیا جارہا ہے ۔ اپل تا پاور گرڈ تک 625 کروڑ روپئے کے مصارف سے 6.25 کیلو میٹر تک 6 لائن ایلوٹیڈ کاریڈار تعمیر کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ ریاستی فنڈز سے اپل کوڈالی تا اسٹیڈیم تک 311 کروڑ روپئے کے مصارف سے مزید ایک ایلوٹیڈ کاریڈار تعمیر کیا جارہا ہے ۔ ساتھ ہی آرام گھر تا شمس آباد تک 283.15 کروڑ روپئے کے مصارف سے 10 کیلو میٹر تک 6 لائن روڈ تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ ان ترقیاتی کاموں کا مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری 5 مئی کو سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ آوٹر رنگ روڈ تا میدک تک 426.52 کروڑ روپئے کے مصارف سے 67 کیلو میٹر روڈ تعمیر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیر عمارات و شوارع نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل تک ریاست میں صرف 2,527 کیلو میٹر تک 15 نیشنل ہائی ویز تھے ۔ نئی ریاست کے پہلے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ میں اسٹیٹ و نیشنل ہائی ویز اور گاؤں گاؤں تک سڑکوں کا جال بچھانے کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے کام کیا ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ مرکز کے ساتھ کامیاب نمائندگی کرتے ہوئے نیشنل ہائی ویز کو 3115 کیلو میٹر تک توسیع دینے کی منظوری حاصل کی ہے ۔ آرام گھر تا شمس آباد تک 6 لائن سڑک کے لیے حصول اراضیات کے تحت 5.75 ایکڑ اراضی حاصل کی گئی ۔ 50 کروڑ روپئے ریاستی خزانے سے ادا کئے گئے ۔ 24 ماہ میں تعمیراتی کام مکمل ہوجائیں گے ۔ اس سڑک کی تعمیر سے شمس آباد ایرپورٹ اور بنگلور جانے کے لیے ٹریفک کا مسئلہ بڑی حد تک حل ہوجائے گا ۔۔