عنبر پیٹ روڈ پر ایک کار شعلہ پوش

ٹریفک پولیس چالانات میں مصروف، حادثہ نظر انداز
حیدرآباد۔ 3 جنوری (سیاست نیوز) ملک پیٹ کے مصروف ترین علاقہ موسیٰ رام باغ، عنبرپیٹ روڈ پر ایک کار شعلہ پوش ہونے کے سبب ٹریفک کے بہاؤ میں خلل پیدا ہوا۔ حالانکہ ٹریفک پولیس عملہ اسی علاقہ میں عوام کو چالانات کرتے ہوئے مصروف دکھائی دیا لیکن حادثہ کے سبب متاثر ہونے والی ٹریفک کو بحال کرنے سے قاصر رہے۔ تفصیلات کے بموجب دُرگا نگر عنبرپیٹ کے ساکن راجندر چاری نے چند دن قبل ایک سیکنڈ ہینڈ ماروتی اومنی کار خریدی تھی اور اس کی مرمت کیلئے امبیڈکر نگر میں واقع ایک میکانک کے شیڈ کو اپنی کار منتقل کیا۔ آج دوپہر میکانک کار کی ویلڈنگ میں مصروف تھا کہ پٹرول کی ٹانکی سے پٹرول کے اخراج کے نتیجہ میں کار میں آگ بھڑک اُٹھی۔ میکانک نے جلتی ہوئی کار کو شیڈ سے باہر نکال کر سڑک پر رکھ دیا جہاں پر کار شعلہ پوش ہوگئی۔ ملک پیٹ ایسٹ زون آر ٹی اے دفتر کے قریب یہ واقعہ پیش آیا اور ٹریفک کا بہاؤ بری طرح متاثر ہوگیا۔ مقامی عوام نے پولیس کنٹرول روم کو اطلاع دی، اور کچھ دیر بعد عنبرپیٹ پولیس اور فائر انجن عملہ جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔
ا۔