عمر کے اِس مرحلہ پر مجھے امن و سکون چاہئے : امیتابھ بچن

ممبئی 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اداکار امیتابھ بچن نے پناما پیپرس اور بوفورس اسکینڈل میں اپنا نام اُبھر آنے کے تعلق سے تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ اُنھوں نے ہمیشہ ’’سسٹم‘‘ کے ساتھ تعاون کیا لیکن اپنی عمر کے اِس مرحلہ پر وہ تنہا امن و سکون کے ساتھ گزارنے کے متمنی ہیں۔ امیتابھ بچن نے گزشتہ روز اپنے بلاگ پر اپنے قدرے برہمی والے پوسٹ میں تحریر کیاکہ کل اور بھی باتیں ہوسکتی ہیں اور تعاون کا عمل جاری و ساری رہے گا۔ اُن کا ردعمل چند گھنٹوں قبل سامنے آیا جبکہ اخبار انڈین اکسپریس نے رپورٹ شائع کی کہ سینئر ایکٹر اُن زائداز 700 ہندوستانی افراد اور ادارہ جات میں سے ہیں جن کے نام ’’پیراڈائز پیپرس‘‘ میں سامنے آئے ہیں۔ یہ دراصل بیرون ملک سمندر پار تحقیقات اور بینکوں میں جمع اثاثہ جات کے بارے میں جانکاری ہے۔ یہ تحقیقات و جانکاری انڈین اکسپریس نے انٹرنیشنل کنسورشیم آف انوسٹی گیٹیو جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) کے ساتھ اشتراک میں روبہ عمل لائے ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا سینئر ایکٹر کو پیراڈائز پیپرس کے تعلق سے پیشگی علم ہوگیا تھا یا یہ کہ اُن کا نام اِس فہرست میں شامل کیا جانے والا ہے۔ 75 سالہ امیتابھ بچن نے کہاکہ اُنھیں کسی سے کوئی نوٹس نہیں ملی ہے۔