عمر عبداللہ پاکستان چلے جائیں، گمبھیر کا مشورہ

نئی دہلی 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سابق کرکٹر گوتم گمبھیر جو حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہوئے، اُنھوں نے آج این سی لیڈر عمر عبداللہ کو مشورہ دیا کہ وہ پاکستان کو منتقل ہوجائیں کیوں کہ اُنھوں نے جموں و کشمیر کی خود مختاری کو بحال کرنے اپنی پارٹی کی کوشش کا عہد کیا ہے۔ اِس مساعی میں کشمیر کے لئے وزیراعظم کا عہدہ بھی شامل ہے۔ گمبھیر کے تبصرے پر سخت ردعمل میں نیشنل کانفرنس لیڈر نے کہاکہ انڈین ٹیم کے سابق اوپنر کو کرکٹ کے تعلق سے بات کرنا چاہئے جس کی اُنھیں جانکاری ہے۔ عمر نے ٹوئٹ کیا : ’’گوتم، میں نے کبھی زیادہ کرکٹ نہیں کھیلی کیوں کہ مجھے اندازہ تھا کہ میں اِس معاملہ میں اچھا نہیں ہوں۔ آپ کو جموں و کشمیر، اِس کی تاریخ یا نیشنل کانفرنس کے رول کے بارے میں زیادہ کچھ جانکاری نہیں، پھر بھی آپ اپنی لاعلمی سب پر ظاہر کررہے ہیں‘‘۔