سرینگر 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ عیدالاضحی سادگی سے منائیں گے۔ اُنھوں نے ریاست میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور کثیر تعداد میں اموات کے علاوہ عوامی مصائب و مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے نہ صرف عید سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا بلکہ اِس موقع پر اپنے حامیوں سے متاثرین کی فراخدلانہ مدد کی بھی اپیل کی۔ سرکاری ترجمان کے مطابق عمر عبداللہ نے کہاکہ اُن کے گھر پہونچ کر عید کی مبارکباد دینے کے بجائے عوام کو چاہئے کہ وہ اِس موقع پر متاثرہ عوام کو مدد بہم پہونچانے میں مصروف رہیں۔ چیف منسٹر نے اپنے حامیوں اور بہی خواہوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کے موقع پر اپنے مقامات پر ہی رہیں اور متاثرہ عوام کو ہرممکن مدد پہونچائیں۔