نئی دہلی 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کابینہ نے 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لئے آج ایک پنشن اسکیم منظور کی ہے جس کے تحت انشورنس ادارہ لائف انشورنس کارپوریشن اُنھیں حکومت کے سماجی سکیورٹی اور مالیاتی شمولیاتی پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر 10 سال تک کم سے کم 8 فیصد شرح سود فراہم کرے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ کابینی اجلاس نے ورشٹھا پنشن بیمہ یوجنا 2017 ء کے آغاز کو منظوری دی ہے۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ اسکیم 10 سال تک کم سے کم 8 فیصد شرح سود کی ضمانت کے ساتھ وظیفہ کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ وظیفہ یابوں کو استفادہ کے لئے سہ ماہی / شش ماہی اور سالانہ اساس پر کسی ایک کے انتخاب کا اختیار حاصل رہے گا۔ 60 سال یا اس سے زائد عمر کے شہریوں کے تحفظ کے علاوہ عمر رسیدہ افراد کو پیرانہ سالی میں سوشیل سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا رواں مالیاتی سال سے عمل آوری کرے گا۔ مارکٹ کے غیر یقینی حالات کے سبب شرح سود میں کسی کمی کے باوجود بزرگ شہریوں کو اس پنشن اسکیم کے تحت سالانہ 8 فیصد شرح سود بدستور حاصل ہوتی رہے گی۔ ورشٹھا پنشن بیمہ یوجنا (وی پی بی وائی 2017) اس کے متعارف کئے جانے کی تاریخ سے ایک سال کی مدت تک اشتراک کے لئے کھلی رکھنے کی تجویز ہے۔
کسانوں کا نومبر اور دسمبر کا قرض معاف
نئی دہلی،24جنوری(سیاست ڈاٹ کام)نوٹوں کی منسوخی کی وجہ سے کسانوں کو ہوئی دقتوں کے پیش نظر اپوزیشن کے نشانے پر آئی سرکار نے کوآپریٹو بینکوں سے کم مدت کے لئے قرض لینے والے کسانوں کے گزشتہ سال نومبر اور دسمبر کے قرض کو معاف کرنے کا فیصل کیا ہے ۔وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس فیصلے کو فوری اثر سے منظوری دی گئی۔