نئی دہلی۔ 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے اسٹوڈنٹ لیڈر عمر خالد نے دہلی پولیس میں آج شکایت درج کروائی کہ گجرات کے ایک آزاد رکن اسمبلی جگنیش میوانی کو ایک شخص سے جان سے ماردینے کی دھمکی موصول ہوئی ہے جس (شخص) نے اپنی شناخت مجرمین کی ٹولی کے مفرور سرغنہ روی پجاری کی حیثیت سے کروائی تھی۔ خالد نے ٹوئٹر پر کہا کہ انہوں نے پولیس سے تحفظ کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جگنیش میوانی اور مجھے، روی پجاری کی طرف سے دی گئی جان سے مار دینے کی دھمکی کے بارے میں دہلی پولیس میں ایک شکایت درج کروائی گئی ہے۔ اس نے کہا کہ میں اس اس کی ہٹ لسٹ میں ہوں۔ پولیس سے میں تحفظ کی درخواست کرچکا ہوں۔ درحقیقت یہ وہی شخص ہے جس نے فروری 2016ء میں بھی مجھے ہلاک کرنے کی ایسی ہی دھمکی دی تھی۔ عمر خالد گزشتہ روز دھمکی کی ایک شکایت کے ساتھ پولیس سے رجوع ہوئے تھے اور ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ اس واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ اس اسٹوڈنٹ لیڈر نے کہا کہ انہیں تاحال کوئی راست دھمکی موصول نہیں ہوئی ہے جبکہ میوانی نے انہیں موصولہ دھمکی کے بارے میں مطلع کیا ہے جس کی بنیاد پر شکایت درج کروائی جارہی ہے۔ عمر خالد نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’میوانی کو فون کالس پر گزشتہ دو تین دن سے جان سے مار دینے کی دھمکی موصول ہورہی تھی۔ کال کرنے والے نے میرے نام کا تذکرہ بھی کیا تھا۔ اس نے کہا تھا کہ اگر اپنی تقاریر بند نہیں کریں گے، ہمیں کردیا جائے گا۔