حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ماہِ رمضان المبارک کے دوران عمرہ کی ادائیگی کے ہزاروں خواہشمندوں کو اس سال مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ویزوں کی عدم اجرائی کے سبب وہ روانگی سے محروم رہے اور حسب سابق سعودی سفارتخانہ نے عمرہ ویزوں کی اجرائی 15 رمضان المبارک سے بند کردی ہے۔ ہندوستان کے مختلف شہروں بالخصوص حیدرآباد ، ممبئی ، لکھنو کے علاوہ بنگلور وغیرہ سے بڑی تعداد میں معتمرین ماہِ رمضان ا لمبارک کے آغاز سے ہی حرمین شریفین پہنچ جایا کرتے تھے لیکن اس سال ویزوں کی اجرائی کے مسئلہ کے سبب ہزاروں لوگ آج تک بھی منتظر تھے کہ ویزا جاری ہونے کی صورت میںوہ اس ماہ مقدس میںعمرہ ادا کر پائیں گے لیکن سعودی سفارتخانہ نے اس سال ویزے کی مدت میں تخفیف کے بعد اب ویزوں کی اجرائی بند کردی ہے اور عمرہ ویزوںکی اجرائی کا سلسلہ حج بیت اللہ کے اختتام کے بعد ہی شروع ہوگا۔ ماہِ رمضان المبارک کے دوران معتمرین کی بڑی تعداد روانہ ہونے سے محروم رہنے کے سبب نہ صرف ٹراویل ایجنٹس و ٹور آپریٹرس کو نقصان ہوا ہے بلکہ ایرلائینس کے علاوہ مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں موجود ہوٹلوں کے ذمہ داران کو بھی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سعودی حکومت نے جو آپریٹرس ویزوں کی اجرائی کیلئے مجاز قرار دیئے ہیں ان کی جانب سے ماہِ رمضان المبارک کیلئے پہلے سے بک کی گئی ہوٹلیں بھی فی الحال خالی ہیں چونکہ جتنے ویزے جاری کرنے کے وہ مجاز تھے ، وہ تعداد سے تجاوز کرچکے ہیں۔ ٹور آپریٹرس کے بموجب جن فلائٹس میں پیشگی بکنگ کروائی گئی تھی ، وہ بھی خالی ہیں اور ایر انڈیا نے جو بکنگ کیلئے پیشگی رقم حاصل کی ہے وہ ابھی واپس تک نہیں کی گئی جس کی وجہ آج تک بھی یہ توقع تھی کہ ویزوں کی اجرائی ممکن ہوگی۔