کڑپہ کے سرگرم لیڈر کو جیل میں ڈالنے کے بعد حیدرآباد کے الطاف حسین کی تلاش میں شدت
حیدرآباد ۔ /29 مئی (سیاست نیوز) عمرہ کیلئے بھیجنے کے نام پر عازمین کو بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کے ریاکٹ میں پولیس نے آج اہم پیشرفت کرتے ہوئے ایک کلیدی ملزم محمد علی عرف ایم آئی ایم علی کو بنگلور میں گرفتار کرلیا ہے ۔ اس کارروائی سے کیس کو سلجھانے میں بڑی مدد ملنے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے ۔ یہ دھوکہ دہی بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 300 کروڑ روپئے کی ہوئی ہے اور اس کے متاثرین کی تعداد سینکڑوں میں ہے۔ تفصیلات کے بموجب کڑپہ II ٹاؤن پولیس نے کے ایس ایس ٹورس اینڈ ٹراویلس (کاروان سید الساجدین) کے خلاف دھوکہ دہی (420) کا ایک مقدمہ درج کیا اور ملزمین سید الطاف حسین ، محمد علی عرف ایم آئی ایم علی میں سے محمد علی کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ محمد علی ضلع کڑپہ کا سرگرم لیڈر بتایا جاتا ہے جسے پولیس نے بنگلور میں گرفتار کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ایس ایس ٹورس اینڈ ٹراویلس کے نام پر 16 ریاستوں میں 40 برانچس قائم کئے گئے تھے اور اس کے بانی سید الطاف حسین اور دیگر نے عوام کو اس بات کا جھانسہ دیا کہ وہ بہت ہی کم خرچ یعنی 14 ہزار روپئے میں عمرہ کیلئے بھیجیں گے ۔ عوام کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے بعض افراد کو ابتداء میں کم خرچ میں عمرہ روانہ کیا گیا اور اس بات کی اشتہارات اور دیگر ذرائع کے ذریعہ تشہیر کی گئی جس سے عوام راغب ہوکر کروڑہا روپئے ان کے حوالے کردیئے ۔ عوام سے ان کے پاسپورٹس اور رقومات حاصل کرنے کے بعد عمرہ کو بھیجنے میں تاخیر کرتے رہے جس کے نتیجہ میں عوام نے ان کے دفاتر پہونچ کر اس ضمن میں دریافت کرنے کی کوشش کی لیکن ملزمین مفرور ہوگئے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کڑپہ ٹاؤن پولیس نے محمد علی عرف ایم آئی ایم علی کو بنگلور میں گرفتارکرتے ہوئے کڑپہ منتقل کیا اور اس ضمن میں تحقیقات جاری ہے ۔ بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کا شکار ہونے پر عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے اور دھوکہ بازوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا متاثرین نے مطالبہ کیا ہے ۔ کے ایس ایس ٹورس اینڈٹراویلس کے برانچیس کو بند کردیا گیا ہے اور برانچس پر عوام کا ہجوم دیکھا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں بھی کے ایس ایس ٹورس اینڈ ٹراویلس کے دھوکہ دہی کے شکار متاثرین کی تعداد 400 تا 500 ہوسکتی ہے جبکہ پولیس دبیر پورہ نے مفرور الطاف کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ انسپکٹر ڈی وینکنا نائیک نے بتایا کہ عوام کو عمرہ بھیجنے کے نام پر دھوکے کی شکایت وصول ہوئی ہے جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششوں کا آغاز کردیا ۔