لاہور۔ 8 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے این اے 131 لاہور میں دوبارہ گنتی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا حکم معطل کر دیا اور عمران خان کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی۔ اس موقع پر عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تو تمام حلقے کھولنے کی بات کی تھی۔اس پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس کئے کہ این اے 131 کا نتیجہ آگیا ہے، سیاسی تقاریر کا جائزہ سیاسی فورم پر لیں۔سعد رفیق کے وکیل نے کہا کہ جیت کاتناسب 5فیصد سے کم ہو تو دوبارہ گنتی ہوسکتی ہے۔اس موقف پر جسٹس اعجاز الحسن نے ریمارکس کئے کہ حلقے کی نمائندگی کو کیسے روک سکتے ہیں؟رزلٹ مرتب ہوگیا ہے۔وکیل سعد رفیق نے کہا کہ آر او کے پاس دوبارہ گنتی کا اختیارہے۔ اس پر جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس کئے کہ الیکشن کمیشن کا معاملہ ہے، ہائیکورٹ کیسے مداخلت کرسکتی ہے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق این اے 131 پر پی ٹی آئی صدرنشین عمران خان نے 84 ہزار 313 اور ن لیگی امیدوار خواجہ سعد رفیق نے 83 ہزار 633 ووٹ لئے تھے۔ اس طرح دونوں امیدواروں کے درمیان 680 ووٹوں کا فرق ہے۔