عمران سے بات چیت کا احیاء ہوگا : پاکستان

اسلام آباد ۔ یکم ؍ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاکستان نے آج فیصلہ کیا کہ عمران خان کے ساتھ بات چیت کا احیاء کیا جائے، جبکہ ایک روز قبل انہوں نے دھمکی دی تھی کہ اگر وزیراعظم نواز شریف 2013ء کے عام انتخابات میں مبینہ رگنگ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرانے 16 ڈسمبر تک ناکام ہوجائیں تو سارے ملک کو ’’بند‘‘ کرادیں گے۔ سرکاری ذرائع نے اخبار ڈان کو بتایا کہ نواز شریف نے قومی اسلامی میں اپوزیشن کے لیڈر سید خورشید شاہ کے ساتھ اپنی میٹنگ بعد یہ فیصلہ لیا۔ عمران کی پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ بات چیت کے احیاء سے متعلق حکومت کے اعلان کے بعد اس پارٹی کے ساتھ باقاعدہ رابطہ عنقریب قائم ہونے کی توقع ہے۔ قبل ازیں دن میں خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر اطلاعات پرویز رشید کا یہ بیان کہ حکومت تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گی، مایوس کن ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے لیڈر نے کہا کہ پی ایم ایل (این) زیرقیادت حکومت کیلئے تحریک انصاف کے ساتھ بات کرنا ضروری ہے، بصورت دیگر حکومت کی بقاء کو خطرہ ہوگا۔