عمران خان کی کامیابی پر محبوبہ مفتی کی مبارکباد

سری نگر، 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر اور سابقہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور پاکستان کے نئے متوقع وزیر اعظم عمران خان کو عام انتخابات میں شاندار جیت پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جیت ان کی سخت محنت اور پختہ عزم کا ثمر ہے ۔ محترمہ مفتی نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘عمران خان کو جیت پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ یہ جیت ان کی سخت محنت اور پختہ عزم کا ثمر ہے ‘۔ دریں اثنا پی ڈی پی لیڈر اور سابق وزیر چودھری ذوالفقار علی نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان میں عمران خان کی قیادت والی نئی حکومت برصغیر ایشیا میں امن اور استحکام کے لئے کام کرے گی۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ‘امید کرتا ہوں کہ پاکستان میں عمران خان کی قیادت میں نئی حکومت برصغیر ایشیا میں امن و استحکام کے لئے کام کرے گی’۔ خیال رہے کہ پاکستان میں 25 جولائی کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے اکثریت حاصل کی ہے ۔