عمران خان کی منسٹرز انکلیو میں سرکاری رہائش گاہ

اسلام آباد، یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے متعلقہ حکام نے وزیر اعظم (نامزد) مسٹر عمران خان کو منسٹرز انکلیو میں سرکاری رہائش گاہ الاٹ کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔ کیونکہ انہوں نے اپنے پارٹی کی جیت کے بعد قوم سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کی رہائش گاہ میں قیام کرنے سے انکار کردیا تھا۔ مسٹر عمران خان نے 25 جولائی کو اپنی فتح کے بعد قوم سے خطاب میں وزیر اعظم ہاؤس کو اپنی سرکاری رہائش گاہ بنانے سے منع کیا تھا۔ روزنامہ ’’ڈان ‘‘نے چہارشنبہ کے روز پولیس حکام کے حوالے سے بتایا کہ پہلے بنی گالا ریزیڈینس کو عمران خان کی رہائش گاہ بنانے کا خیال تھا، لیکن چونکہ وہ کھلے علاقے میں ہے اور خطرے کی زد میں ہے نیز عمارت میں نقائص سے پاک سکیورٹی فراہم نہیں کی جاسکتی ہے ، اس لئے یہ فیصلہ نہیں کیا گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ عمران خان کو کچھ دیگر اختیارات بھی دیئے گئے ، تاہم ، انہوں نے انکلیو میں ذیلی زمرے کی قیام گاہ دینے کو کہا ۔ منسٹر ز انکلیو میں ذیلی زمرے کے فلیٹ بھی ہیں، لیکن ان میں وزیر اعظم کا پروٹوکول پورے طور پر نافذ نہیں ہوسکے گا، اس لئے سینئر حکام نے مسٹر عمران خان کو فلیٹ کے بجائے مکان استعمال کرنے کا مشور ہ دیا، جس پر وہ راضی ہوگئے ۔