عمران خان کی عالمی بینک، آئی ایم ایف کی قیادت سے ملاقات

بیجنگ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چین کے 4 روزہ دورے پر موجود وزیراعظم عمران خان نے بیلٹ اینڈ روڈ سے متعلق جاری فورم کے موقع پر ورلڈ بینک کی سی ای او کرسٹالینا جارجیوا اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کرسٹین لگارڈے سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ہے۔عالمی بینک کی سی ای او کرسٹالینا جارجیوا سے ہونے والی ملاقات کے موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ، مشیر خزانہ اور مشیر کامرس بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے ملک کی معاشی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے ورلڈ بینک کی سی ای او کو آگاہ کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے خطے میں غربت کے خاتمے، مالی انتظام، منصوبوں، ڈی اے ایس یو اور دیگر بنیادی ڈھانچے سے متعلق اقدامات اور کاروبار میں مدد کے حوالے سے عالمی بینک کے کردار کو سراہا۔وزیراعظم نے عالمی بینک کی سی ای او کو حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے سماجی بہبود کے پروگرام ‘احساس’ سے بھی آگاہ کیا۔عالمی بینک کی سی ای او نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور غیر ملکی فنڈ فراہم کرنے میں مدد کی یقین دہانی کروائی۔ رپورٹ کے مطابق بعد ازاں وزیراعظم عمران خان سے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کرسٹین لگارڈے سے بھی ملاقات کی۔رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ملاقات میں پاکستان کے آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پر بات چیت ہوئی جبکہ اس موقع پر اقتصادی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔