عمران خان کی دوبارہ شادی کے اشارے ترک

اسلام آباد ؍ لندن۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ کھلاڑی سے سیاستداں بننے والے پاکستان کے عمران خان نے آج اشارہ دیا کہ وہ دوبارہ شادی کرسکتے ہیں۔ قبل ازیں ان کی شادی کی خبریں گرم تھیں۔ مبینہ طور پر بی بی سی پر موسم کا حال سنانے والی اینکر ریحام شاہ سے ان کی شادی کی خبریں گرم تھیں لیکن عمران خان نے ان خبروں کو ’’وسیع پیمانے پر مبالغہ آرائی‘‘ قرار دیا تھا۔ انہوں نے اسلام آباد میں لندن سے واپسی پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شادی کوئی جرم نہیں ہے لیکن جب پہلی شادی سے آپ کو بچے موجود ہوں تو بچے ہی اولین ترجیح ہوتے ہیں۔ 62 سالہ عمران خان مبینہ طور پر لندن گئے تھے تاکہ اپنی شادی کے منصوبہ پر اپنے دونوں بیٹوں سے جو ان کی سابق بیوی جمائمہ گولڈ اسمتھ کے ساتھ رہتے ہیں، مشاورت کیلئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نئی زندگی شروع کرنے کے کسی بھی منصوبہ کے بارے میں ان کے بیٹوں کو اطلاع دینا اہم تھا۔