نئی دہلی 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پلوامہ دہشت گرد حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بارے میں ’قابل کارروائی انٹلی جنس ثبوت‘ فراہم کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کرنے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے پیغام پر سیاسی جماعتوں نے نااُمیدی و مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف وعدہ پر اٹل رہنے کارروائی کا وقت آگیا ہے۔ کانگریس کے لیڈر اور پنجاب کے چیف منسٹر امریندر سنگھ نے سوال کیاکہ عمران خان کس ثبوت کی بات کررہے ہیں۔ کیا ہندوستان اپنے شہید جوانوں کی نعشیں پاکستان کو بھجائے۔ پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہاکہ پاکستان پر کسی ثبوت کے بغیر الزام نہیں لگایا جارہا ہے۔