عمران خان کا اخراجات میں تخفیف پر عمل شروع،وزراء کی میٹنگ میں صرف چائے

اسلام آباد، 21 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے نئے وزیراعظم عمران خان نے اخراجات میں تخفیف اور سادگی کی مثال خود پیش کرنے کے بعداپنے کابینی اراکین کو بھی اسی نقش قدم پر چلنے کی ترغیب دینا شروع کردیا ہے ۔مسٹر خان کی 21 رکنی کابینہ نے پیر کو حلف لیا۔ اس کے بعد کابینہ کی پہلی باضابطہ میٹنگ ہوئی۔ جیو نیوز کے ذرائع کے حوالے سے خبر دی گئی ہے کہ اس میٹنگ میں وزرا کو صرف چائے پیش کی گئی۔ یہاں تک کہ بسکٹ یا کسی طرح کا ناشتہ نہیں پیش کیا گیا۔ یہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ کرکٹر سے سیاست داں بننے والے مسٹر عمران خان خود کے ساتھ ساتھ ان کے وزرا سادگی سے جینے پر کتنا عمل کریں گے یہ دیکھنے والی بات ہوگی۔ذرائع کے مطابق میٹنگ میں پہنچنے پر کابینہ کے اراکین نے کھڑے ہوکر مسٹر خان کا استقبال کیا۔ مسٹر عمران خان نے وزرا کو حلف لینے اور کام سنبھالنے کے لئے مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود روزانہ 16 گھنٹے کام کریں گے اور کابینہ کے اراکین بھی روزانہ 14 گھنٹے کام کریں۔