عمران خان دہشت گرد ؟

لاہور ۔ 10 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی پولیس نے دہشت گردی کے الزامات میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور دیگر پارٹی قائدین کے خلاف مبینہ طور پر وزیر اعظم نواز شریف کے ایک قریبی ساتھی پر حملہ کیلئے عوام کو اکسانے پر شکایت درج کرلی ہے۔ قبل ازیں پاکستان کی ایک عدالت نے اسلام آباد کی پی ٹی وی بلڈنگ پر حملہ کے الزام میں عمران خان کو مفرور ملزم قرار دیا تھا۔ فیصل آباد کی سمن آباد پولیس نے عمران خان ، پاکستان مسلم لیگ عوامی اور تحریک انصاف کے 500 کارکنوں کے خلاف انسداد دہشت گردی قانون اور قانون تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمے درج کئے۔ وزیراعظم کے بھائی چیف منسٹر پنجاب شہباز شریف کے قریبی ساتھی رانا ثناء اللہ نے تحریک انصاف کارکنوں کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔ پیر کے دن نواز مسلم لیگ اور تحریک انصاف کارکنوں کے درمیان خون ریز جھڑپوں میں دو افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔

فیصل آباد میںگولیاں چلانے والا پولیس حراست میں:عمران خان
اسلام آباد۔10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ فیصل آباد میں گولیاں چلانے والے کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے،مجھے ڈر ہے کہ پولیس اس کو فرضی انکاؤنٹر میں مار نہ دے،اسلام آباد میں شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے یہ بات کہی۔