اسلام آباد ۔ 8 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ریحام خان رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔نکاح کی تقریب اسلام آباد میں عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ہوئی، مفتی سعید نے نکاح پڑھایا۔عمران خان کے قریبی دوست ذاکر خان اورعون چودھری گواہ بنے۔ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان کی شادی کی تقریب کیلئے دعوت نامے جاری نہیں کیے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ازسرنو شادی شدہ زندگی کی طرف لانے میں سب سے اہم کردار معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے ادا کیا۔ اگست میں جب عمران خان لاہور سے سونامی مارچ اسلام آباد لانے کی تیاری کر رہے تھے تو مولانا طارق جمیل نے بنی گالہ میں عمران سے خصوصی ملاقات کے دوران انہیں نہ صرف سونامی مارچ کا نام تبدیل کرنے پر رضا مند کیا تھا بلکہ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا تھا کہ ملک کے اہم سیاسی اور ہردلعزیز راہنماء ہونے کی حیثیت سے شریک سفر کا بھی فوری انتخاب کریں۔ عمران خان نے مولانا طارق جمیل سے ملاقات کے بعد سونامی مارچ کا نام آزادی مارچ رکھ لیا تھا اور پھر نومبر 2014ء تک انہوں نے اپنی نئی شریک حیات ریحام خان کا بھی انتخاب کر لیا جن سے آج وہ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے ۔