عمارت انہدام سیاستدانوں اور بلڈرس کی سازباز کا نتیجہ

مہلوکین کی تعداد 25 ہوگئی
پنجی ۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی نے آج الزام عائد کیا کہ کاناگونا میں زیرتعمیر عمارت کے انہدام کا حادثہ دراصل سیاستدانوں، نوکر شاہی اور بلڈرس کے مابین سازباز کا نتیجہ ہے۔ عام آدمی پارٹی نے مطالبہ کیا ہیکہ جاریہ پراجکٹس کا محاسبہ کروایا جائے اور عمارت کے انہدام کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے۔ پارٹی کا یہ ماننا ہیکہ سیاستدانوں، بلڈرس اور نوکر شاہی کے مابین مجرمانہ سازباز پائی جاتی ہے اور اس میں پارٹی وفاداری بھی ملحوظ نہیں رکھی جاتی اور اس طرح عمارت تعمیر کرنے کیلئے جن ماحولیاتی قواعد و ضوابط کی ضرورت ہے ان کی خلاف ورزی کی جاتی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے قومی عاملہ رکن دینیش واگھیلا نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے یہ بھی الزام عائد کیا کہ سازباز کی ہی وجہ سے سیاستدان بلڈرس کو ماحولیاتی نظم و ضبط سے کھلواڑ کرنے کی اجازت دیتے ہیں

جس کی روک تھام ہونا چاہئے۔ بڑی بڑی چٹانوں کو کاٹنے کا سلسلہ جاری ہے اور کوئی بھی کھلی اراضی نظر آتی ہے تو اس پر ناجائز قبضہ کرلیا جاتا ہے۔ یہ سب کام سیاستداں، نوکر شاہی اور بلڈرس کی ملی بھگت سے ہوتا ہے۔ دریں اثناء منہدمہ عمارت کے ملبہ سے مزید چار نعشوں کی دستیابی کے بعد مہلوکین کی تعداد 25 ہوگئی ہے جبکہ ملبہ کی صفائی کا کام آخری مرحلہ میں داخل ہوگیا ہے۔ بچاؤ کاری آپریشن کے انچارج اشوک مینن نے کہا کہ ملبہ سے مزید چار نعشیں ملی ہیں اور مزید تلاش جاری ہے۔ مشینوںکے استعمال کی وجہ سے متصلہ عمارتوں میں ارتعاش اور شگاف پیدا ہونے کے بعد بچاؤ کاری مسدد کردی گئی تھی۔ ہفتہ کے روز جس وقت عمارت منہدم ہوئی تھی اس وقت ملبہ میں 40 افراد پھنس گئے تھے۔