شہر کو فضائی آلودگی سے پاک بنانے کے اقدامات
حیدرآباد۔24۔نومبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے محکمہ باغبانی نے چھتوں پر ترکاری اگانے کے منصوبہ پر سبسیڈی فراہمی کے سلسلہ میں اعلامیہ جاری کیا ہے۔ چھتوں پر ترکاری کی پیداوار کے ذریعہ کاشتکاری کو فروغ دینے کے مقصد سے محکمہ باغبانی نے 50 فیصد تک کیلئے سبسیڈی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ باغبانی کے فروغ اور کاشتکاری میں عوام کو راست طور پر شامل کرنے کے منصوبہ کے تحت فروغ دی جانے والی اس اسکیم سے ہر وہ شخص استفادہ حاصل کرسکتا ہے جس کے پاس 50 تا100 مربع فٹ جگہ دستیاب ہو۔ محکمہ باغبانی کی جانب سے 6000 روپئے تک کے اخراجات کو 3000 روپئے کی سبسیڈی کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کاشتکاری کیلئے درکار اشیاء سل پالن کور، پاٹنگ مکسچر، تخم ، نیم پاؤڈر، نیم کا تیل اور دیگر اشیاء فراہم کی جائیں گی جو کہ تقریباً 3000 روپئے کی ہوں گی۔ حیدرآباد و سکندرآباد کے رہائشی علاقوں میں رہنے والے اس منصوبہ سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے 11 تا 5 بجے محکمہ باغبانی کے دفتر واقع باغ عامہ میں ڈپٹی ڈائرکٹر ٹکنیکل سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے شہری علاقوں میں فضائی آلودگی کے خاتمہ کیلئے متعدد اقدامات کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے تحت ہر جگہ کاشتکاری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اسی اسکیم کے تحت رہائشی علاقوں میں رہنے والے عوام کو کاشتکاری کیلئے راغب کروانے کا محکمہ باغبانی کی جانب سے منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کے تحت شہریان حیدرآباد و سکندرآباد 50 تا 100 مربع فٹ کی چھت کا استعمال کرتے ہوئے اس پر کاشتکاری کے ذریعہ ترکاریوں کی پیداوار کو یقینی بناسکتے ہیں۔ حکومت تلنگانہ کے محکمہ باغبانی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ نمبر No.GG/30/DDH/2014 تاریخ 20 نومبر سے اندرون 30 یوم سبسیڈی کے حصول کے خواہشمند و کاشتکاری میں دلچسپی رکھنے والے افراد فون نمبرات 9949161042, 8374450023, 8374449007 پر محکمہ باغبانی کے عہدیداروں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے مذکورہ اسکیم سے استفادہ کے متعلق تفصیلات دریافت کرسکتے ہیں۔