جی ایچ ایم سی سے آن لائین خدمات
عمارتوں کی تعمیر کے 8,704 اجازت نامے جاری
حیدرآباد 4 اپریل ( این ایس ایس ) جی ایچ ایم سی نے سال 2016-17 کے دوران 8,704 عمارتوں کے اجازت نامے جاری کئے جبکہ سال گذشتہ 6,844 اجازت نامے جاری کئے گئے ۔ اس کے علاوہ سال 2016-17 کے دوران 526.64 کروڑ روپئے بلڈنگ اجازت نامہ فیس ‘ ڈیولپمنٹ چارجس ‘ بٹرمنٹ چارجس کے طور پر وصول کئے جبکہ 30 کروڑ روپئے متناسب لے آوٹ چارجس کے طور پر وصول کئے ہیں جبکہ سال گذشتہ وصول کردہ رقم 515.23 کروڑ روپئے تھی ۔ بلدیہ نے سال 2016-17 کے دوران لے آوٹ ریگولرائزیشن درخواست گذاروں سے بھی 196.27 کروڑ روپئے وصول کئے ہیں۔ گذشتہ مالیاتی سال کے دوران تجارت میں آسانی کے مقصد سے جی ایچ ایم سی نے ڈیولپمنٹ پرمیشن مینجمنٹ سسٹم ( ڈی پی ایم ایس ) شروع کیا تھا تاکہ گذشتہ سال 2 جون سے عمارتوں کے اجازت نامے آن لائین جاری کئے جاسکیں۔ ابتداء میں یہ سہولت رہائشی عمارتوں کے درخواست گذاروں کیلئے ہی تھی تاہم جاریہ سال 27 فبروری سے یہ سہولت کمرشیل و ہمہ منزلہ عمارتوں کے درخواست گذاروں کیلئے بھی فراہم کی گئی ہے ۔ درخواستوں کے ادخال ‘ پروسیس ‘ فیس کی ادائیگی ‘ عمارت کے اجازت نامہ کی اجرائی وغیرہ کا سارا کام آن لائین کیا جا رہا ہے اور درخواست کے موقف کے تعلق سے ایس ایم ایس بھی جاری کئے جا رہے ہیں تاکہ عوام کا عہدیداروں سے رابطہ کم سے کم ہوسکے ۔