عمارات کی تعمیر کے اجازت نامے

کے قواعد میں سختی : جی ایچ ایم سی
حیدرآباد 7 ستمبر ( یو این آئی) شہر حیدرآباد میں گزشتہ چند دنوں کے دوران زیر تعمیر عمارات کے منہدم ہونے کے واقعات کے پیش نظر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی) نے عمارات کی تعمیر کے اجازت نامے کے قواعد سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔حالیہ چند دنوں میں پیش آئے واقعات میں کئی افراد کی موت ہوگئی تھی ۔ ایسے واقعات کو کارپوریشن نے سنجیدگی سے لیا ہے ۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران ایسے پانچ واقعات پیش آئے ہیں۔ عمارات کی تعمیر کیلئے اجازت نامے کے قواعد سخت کرنے کے ساتھ ساتھ کارپوریشن کا ٹاون پلاننگ شعبہ عمارت تعمیر کرنے والوں سے حلف نامہ لے گا اور کارپوریشن کو پیش کردہ پلان کے مطابق ہی عمارت کی تعمیر ہونی چاہئے ۔ساتھ ہی بلڈرس ‘ آرکیٹکچرس اور انجینئرس سے بھی حلف نامے لئے جائیں گے ۔ عمارت کے پلان کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔کارپوریشن کو اسٹرکچرل ڈیزائن بھی حوالہ کرنا ہوگا ۔ عمارات کی مضبوطی کی جانچ کا تجزیہ کرنے کیلئے جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی کو رپورٹ دینے کی جی ایچ ایم سی نے اپیل کی ہے جس کے بعد ایسے واقعات کو روکنے آرکیٹیکٹس اور انجینئرس میں بیداری پیدا کی جائے گی ۔ اس سلسلہ میں ایک کمیٹی بھی قائم کرنے کا منصوبہ ہے ۔