علی گڑھ ۔ 25 ۔ مئی (پی ٹی آئی) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تین طلباء کو اے ایم یو اسٹوڈنٹس یونین سابقہ نائب صدر پر حملے کے الزام میں معطل کردیا گیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے گزشتہ ہفتہ آفتاب ہال میں ہوئے لڑائی جھگڑے کی تحقیقات کے احکام جاری کئے تھے جس میں تین طلباء کو جھگڑے کے دوران قصوروار پایا گیا ۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق تینوںطلباء کو کل معطل کردیا گیا اور انہیں یونیورسٹی کے حدود میں داخل ہ ونے سے پابند کردیا گیا۔یونیورسٹی کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ جھگڑا دو مخالف علاقائی گروپس اعظم گڑھ اور غازی پور کے درمیان رونما ہوا۔ ان دونوں علاقوں سے بڑی تعداد میں طلباء یونیورسٹی تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔ اے ایم یو اسٹوڈنٹس کے سابقہ نائب صدر توصیف عالم جو کہ اعظم گڑھ گروپ کی رہنمائی کرتے ہیں، وہ جمعہ کی شب آفتاب ہال کے ہاسٹل روم میں ہوئے حملے میں زخمی ہوگئے ۔انہیں علاج کیلئے جواہر لال میڈیکل کالج ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ۔ جہاں پر ان کے حامیوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور جب یونیورسٹی کے پروکٹر پروفیسر جمشید صدیقی دواخانہ عیادت کیلئے پہنچے تو آئے برہم طلباء نے گھیرلیا اور دباؤ ڈالنے لگے ۔ گزشتہ شب دوسرے گروپ سے تعلق رکھنے والے طلباء سر سید گیسٹ پر جمع ہوگئے اور ان کے گروپ سے تعلق رکھنے والے تینوں طلباء کی تائید میں وکالت کرنے لگے ۔ موقف پر علاقائی سرکل نے پہنچ کر حالت کو بے قابو ہونے سے روک دیا۔